خضدار: سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ کے اہم کارندے پر دھماکہ

523

خضدار کے علاقے نال میں حکومتی حمایت یافتہ مسلح گروہ (ڈیتھ اسکواڈ) کی گاڑی پر دھماکہ، دو افرد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع خضدار کے تحصیل نال میں نامعلوم افراد کی جانب سے ڈیتھ اسکواڈ کے اہم رکن صمد سمالانی کی گاڑی پر دھماکہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔ جبکہ وہ خود اس حملے میں محفوظ رہے۔

ہلاک افراد میں عبیداللہ ولد لعل بخش اور منیر احمد ولد عبدالغنی شامل ہیں۔

خضدار کی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صمد سمالانی اپنی گاڑی کو ویلڈنگ کی دکان پر مرمت کرا رہے تھے عین اسی وقت گاڑی کے اندر رکھے مواد سے دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 5 افراد زخمی ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے بتایا کہ واقعہ کے فوراً بعد لیویز جائے وقوعہ پہنچ گئی جب کہ فائر بریگیڈ ٹیم نے فوری طور پر جاکر آگ بجھادی۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کو ٹراما سینٹر لے جایا گیا جب کہ دیگر کو مقامی ہسپتال شفٹ کیا گیا جنہیں خضدار لانے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔