ڈپٹی کمشنر قلات، ڈپٹی کمشنر مستونگ اور ڈپٹی کمشنر سوراب کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی اور حکم کی پاسداری نہ کرنے پر سوراب، مستونگ اور قلات کے ڈپٹی کمشنرز کے تبادلے کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ افسران کوئٹہ کراچی شاہراہ پر بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین کے جاری دھرنوں پر طاقت کا استعمال نہ کرنے اور گرفتاریاں نہ کرنے پر تبادلہ کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ سڑکیں کھلوانے میں ناکامی کا مظاہرہ کرنے والے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی، جس کے بعد ان افسران کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں اس وقت بلوچستان کے قلات اور مستونگ کے علاقوں میں کوئٹہ کراچی و تفتان شاہراہ پر جبری لاپتہ افراد کے لواحقین کا دھرنا کئی دنوں سے جاری ہے، جن کا مطالبہ ہے کہ ان کے پیاروں کو پاکستانی فورسز نے غیر قانونی طور پر حراست میں لیا ہے اور انہیں بحفاظت بازیاب کیا جائے۔