امریکی امیگریشن حکام نے ترکمانستان میں تعینات پاکستانی سفیر ” کے کے احسن واگن” کو لاس اینجلس پہنچنے پر داخلے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا اور انہیں فوری طور پر ڈیپورٹ کر دیا۔
پاکستانی نجی ٹی وی نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ” کے کے واگن” کو امریکی امیگریشن حکام نے “امیگریشن اعتراضات” کی بنیاد پر روکا اور ان کی فوری ملک بدری کے احکامات جاری کیے۔ سفیر واگن کے پاس امریکی ویزا اور تمام سفری دستاویزات موجود تھیں۔ وہ ایک نجی دورے پر لاس اینجلس جا رہے تھے لیکن امریکی حکام نے ان کے سفر پر پابندی عائد کر دی۔
ذرائع کے مطابق امریکی امیگریشن نظام میں “متنازعہ ویزا حوالہ جات” کی نشاندہی کے بعد کے کے واگن کو روکا گیا اور انہیں امریکہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان کے خلاف کون سے مخصوص اعتراضات اٹھائے گئے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئےکے کے واگن کو اسلام آباد طلب کیا جا سکتا ہے تاکہ وہ اپنی پوزیشن واضح کر سکیں۔