تربت: پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ افراد کے لواحقین کا احتجاجی دھرنا جاری

61

تربت کے علاقے بہمن اور ڈنک سے لاپتہ کیے گئے نوجوانوں کی عدم بازیابی کے خلاف جدگال ڈن پر دھرنا جاری ز

تفصیلات کے مطابق بہمن اور ڈنک سے لاپتہ نعیم بشیر، اسماعیل اور نعمان رفیق کی عدم بازیابی کے خلاف ان کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے تربت میں جدگال ڈن (ڈی بلوچ پوائنٹ) پر ایم 8 شاہراہ کو دھرنا دے کر بلاک کردیا ہے۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ہم نے اس سے قبل بھی احتجاج کیا تھا لیکن ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہمیں یقین دہانی کرانے کے بعد احتجاج ختم کرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ ڈی سی نے تینوں لاپتہ نوجوانوں کی بازیابی کے لیے متعدد بار ہم سے وعدہ کیا تھا لیکن وہ وعدہ وفا نہ ہوسکے اس لیے مجبور ہوکر ہم نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں سڑکوں پہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کمشنرمکران اور ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ سے تینوں لاپتہ نوجوانوں کی باحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ جب تک ہمارے نوجوان بازیاب ہوکر گھروں کو واپس نہیں لوٹتے ایم 8 شاہراہ پر دھرنا جاری رکھیں گے اور کسی صورت یہاں سے نہیں اٹھ جائیں گے۔