ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں مظاہرین پر فائرنگ سے دو کمسن لڑکے زخمی ہوئے ہیں۔
فائرنگ کا واقعہ تربت کے علاقے ملک آباد کے مقام پر پیش آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تربت کے علاقے ملک آباد میں احتجاج کے دوران دو کمسن لڑکے زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق مظاہرے کے دوران فائرنگ سے یہ واقعہ پیش آیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گئی۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مظاہرین جبری گمشدگیوں اور جبر کے خلاف احتجاج کر رہے تھے کہ اچانک فائرنگ شروع ہوگئی۔
زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے گذشتہ روز کوئٹہ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مظاہرین پر پولیس نے تشدد کرتے ہوئے فائرنگ کھول دی جس کے باعث تین نوجوان جانبحق اور 35 افراد زخمی ہوگئے جن میں شدید زخمی بھی شامل ہیں۔
کوئٹہ واقعے کیخلاف گذشتہ شب سریاب روڈ پر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی سربراہی میں دھرنا جاری تھا کہ سحری کے وقت پولیس نے دھرنا مظاہرین پر دھاوا بول دیا جہاں خواتین سمیت دیگر افراد کو تشدد کا نشانہ بناکر حراست میں لیا گیا۔
دھرنے سے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو متعدد کارکنان کے ہمراہ حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا جبکہ جانبحق نوجوانوں کی لاشوں کو بھی پولیس نے زبردستی تحویل میں لے لی ہے۔
کوئٹہ واقعات کیخلاف بلوچستان بھر میں شٹرڈاؤن اور پیہہ جام ہڑتال جاری ہے جبکہ متعدد علاقوں مظاہرے کیئے جارہے ہیں۔