بیرون ملک سے سوشل میڈیا نیٹ ورکس کے ذریعے ریاست مخالف سرگرمیاں چلائی جا رہی ہیں۔سرفراز بگٹی

227

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بعض عناصر بندوق، سوشل میڈیا، اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت کے ذریعے منفی پہلوؤں کو اجاگر کیا جاتا ہے، جبکہ مثبت سرگرمیاں پس منظر میں چلی جاتی ہیں۔ مزید برآں، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے سوشل میڈیا نیٹ ورکس کے ذریعے ریاست مخالف سرگرمیاں چلائی جا رہی ہیں، جن میں نوجوانوں کی منفی ذہن سازی شامل ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ تعلیم کے ذریعے مثبت سمت میں آگے بڑھیں اور ریاست مخالف سازشوں کا ادراک کریں۔ انہوں نے کہاکہ بعض عناصر نوجوانوں کو لاحاصل مقاصد کی طرف راغب کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، اور تشدد کسی بھی ملک کی ترقی کا راستہ نہیں ہو سکتا۔

مزید برآں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے اس دور میں نوجوانوں پر سچائی جانچنے کی بھاری اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ بے بنیاد پروپیگنڈوں کے ذریعے نوجوانوں کو ریاست سے دور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اور سوشل میڈیا کے منفی استعمال اور پرتشدد رویوں سے انہیں گمراہ کیا جا رہا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پوری یکجہتی سے ریاست مخالف عناصر اور بیانیہ کو مسترد کرنا ہے، اور بلدیاتی ادارے اس میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔