بلوچستان میں کل سے ایک اور طاقتور مغربی اسپیل کا الرٹ جاری

69

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بلوچستان میں کل سے ایک اور طاقتور مغربی اسپیل کا الرٹ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ایک اور طاقتور مغربی موسمی سسٹم بلوچستان کی جانب بڑھ رہا ہے، یہ سسٹم کل 2 مارچ کو بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جب کہ اتوار دوپہر سے شام تک مغربی لہر بلوچستان کو متاثر کرسکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہےکہ چمن، زیارت، نوشکی، مستونگ، پشین، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چاغی، خاران، قلات، سوراب، خضدار، بارکھان، ہرنائی، دکی، موسیٰ خیل،  ژوب اور  شیرانی سسٹم کے زیر اثر رہیں گے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 2 مارچ سے بارش، آندھی، گرج چمک اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے لہٰذا برفباری، طوفان اور سیلاب کے دوران مسافر اور سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے تیز ہواؤں کے دوران شہریوں کو گھروں میں رہنے اور احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ تمام متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے اور ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔