بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے بارکھان سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ چھ افراد کی شناخت ہوگئی۔
رواں سال پانچ فروری کو پاکستانی فورسز نے بارکھان کے علاقے بالا ڈھاکہ میں گھروں پر چھاپوں کے دوران چھ افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جس کے بعد ان کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہے۔
فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ افراد کی شناخت فنکار ناڑی اسماعیل ولد حاجی بنگل ماندانی، زمان شاہ ولد احمد شاہ، سلتو ولد دلا ماندانی، دینمد ولد مامند ماندانی، عیسو ولدپتو ماندانی اور بانزو ولد پیر بخش ماندانی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
بلوچستان میں رواں سال جبری گمشدگیوں کے واقعات میں مزید تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران پچاس کے قریب افراد کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا جن میں سے 35 افراد کو بیک وقت قلات سے لاپتہ کیا گیا۔
جبری گمشدگیوں کے واقعات کیخلاف قلات، کردگاپ اور کیچ میں مرکزی شاہراہوں پر دھرنے جاری ہیں جبکہ سوراب میں کئی روز تک جاری دھرنے کو حکام کی یقین دہانی پر موخر کردیا گیا اسی طرح کوئٹہ میں بھی تین مختلف مقامات پر دھرنے دیئے گئے۔