اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین کا پاکستانی حکومت سے بلوچ کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ

639

جنیوا، اقوامِ متحدہ کے آزاد انسانی حقوق ماہرین نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر گرفتار شدہ بلوچ انسانی حقوق کے کارکنوں کو رہا کرے اور پرامن احتجاج پر کریک ڈاؤن کو بند کرے۔

ماہرین نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ مہینوں سے بلوچ کارکنوں کی گرفتاریوں اور جبری گمشدگیوں کی اطلاعات پر تشویش کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہیں، اور حالیہ پرتشدد واقعات نے ان کی تشویش میں اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے خاص طور پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے خلاف پولیس کی کارروائیوں پر تشویش ظاہر کی ہے، جو 11 مارچ 2025 کو جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد مزید شدت اختیار کر گئی تھیں۔

اس حملے کے بعد متعدد بلوچ انسانی حقوق کے کارکنوں کو پاکستان کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے گرفتار یا جبری طور پر لاپتہ کردیا تھا۔

رواں مہینے کوئٹہ پولیس نے بلوچستان یونیورسٹی کے سامنے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ایک پرامن احتجاج پر دھاوا بولا جہاں مظاہرین گرفتار اور لاپتہ کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کررہے تھے، پولیس کی فائرنگ اور تشدد سے تین افراد جانبحق اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ درجنوں مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

ماہرین نے کہا کہ وہ پرامن احتجاج پر طاقت کے بے جا استعمال کی مذمت کرتے ہیں اور حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ گرفتار شدہ انسانی حقوق کے کارکنوں کو فوری طور پر رہا کرے اور پرامن احتجاج کے حق کا احترام کرے۔

یہ بیان اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے خصوصی مندوبین اور ورکنگ گروپس کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جن میں شامل ہیں، • مریم لاولر، انسانی حقوق کے محافظوں کی صورتحال پر خصوصی رپورٹیئر۔

•   گبریلا سیترونی، گرزینا بارانوسکا، اوعا بالڈے، آنا لورینا ڈیلگاڈو، اور محمد العوبیدی، جبری یا غیر ارادی گمشدگیوں پر کام کرنے والے ورکنگ گروپ کے اراکین۔

•   بین ساؤل، انسدادِ دہشت گردی اور انسانی حقوق پر خصوصی رپورٹیئر؛
•   مورس ٹڈبال-بنز، ماورائے عدالت، فوری یا من مانی پھانسیوں پر خصوصی رپورٹیئر۔

•   جینا رومیریو، پرامن اجتماع اور تنظیم سازی کے حقوق پر خصوصی رپورٹیئر۔

•   نکولس لیورات، اقلیتی حقوق پر خصوصی رپورٹیئر۔

ماہرین نے واضح کیا کہ وہ اقوامِ متحدہ سے آزاد حیثیت میں کام کرتے ہیں اور ان کے خیالات اقوامِ متحدہ یا OHCHR کی پالیسی کی عکاسی نہیں کرتے، وہ رضاکارانہ بنیادوں پر انسانی حقوق کے معاملات کی نگرانی کرتے ہیں اور حکومتوں کو ان کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتے ہیں۔