آج رات کو لکپاس ٹنل پہ پڑاؤ ہوگا، کل صبح میڈیا کو بلاکر آگے جانے کا فیصلہ کریں گے۔ سردار اختر مینگل

768

بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے کہا ہے کہ ہم اس وقت لکپاس پر موجود ہیں جہاں تمام داخلی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ کوئٹہ سے لانگ مارچ میں شریک افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور شدید شیلنگ کی جا رہی ہے۔ میری سینئر قیادت پر بھی براہ راست شیلنگ اور فائرنگ ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم کوئٹہ کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ لکپاس کے دوسری جانب پہنچیں، اور مستونگ کے عوام سے گزارش ہے کہ وہ اپنی طرف سے لکپاس پر جمع ہوں۔ یہ بات واضح ہے: ہم اپنے مقصد کی طرف بڑھیں گے، چاہے ہمیں لکپاس کے نیچے ایک نئی سرنگ ہی کیوں نہ کھودنی پڑے۔

اختر مینگل نے کہاکہ ہم مضبوط ہیں، ہم اپنے مقصد سے پُرعزم ہیں، اور سب سے بڑھ کر، ہم پُرامن ہیں۔ کوئی طاقت، کوئی جبر، ہمارے حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتا، نہ ہمیں ہمارے راستے سے ہٹا سکتا ہے۔