کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر افراتفری: 10 تابوتوں کی آمد پر لواحقین پریشان، انتظامیہ لاعلم

582

کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر یرغمالیوں کے لواحقین کا رش، انفارمیشن ڈیسک قائم یرغمالیوں کے لواحقین میں مایوسی پھیل گئی۔

کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر اس وقت شدید افراتفری کی صورتحال دیکھنے میں آئی جب نامعلوم ذرائع سے 10 تابوت اسٹیشن پر پہنچائے گئے، ریلوے انتظامیہ کے قائم کردہ انفارمیشن ڈیسک کے عملے کے پاس تابوتوں کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں ہے، جس کے باعث لواحقین شدید مایوسی کا شکار ہیں۔

یرغمالیوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ صبح سے اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات کے حصول کے لیے انفارمیشن ڈیسک اور کنٹرول روم کے چکر لگا رہے ہیں مگر انہیں کوئی تسلی بخش جواب نہیں مل رہا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمیں نہیں معلوم کہ ہمارے پیارے کس حال میں ہیں۔

دوسری جانب اسٹیشن پر دس تابوت موجود ہیں اسٹیشن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں تابوتوں کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور یہ بھی معلوم نہیں کہ تابوت کس نے بھیجے ہیں۔

لواحقین نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر انتظامیہ کے پاس کوئی معلومات نہیں تو وہ اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات کس سے حاصل کریں۔

واضح رہے کہ ڈھاڈر کے قریب جعفر ایکسپریس پر حملہ آور بی ایل اے کا قبضہ بیس گھنٹے گزر جانے کے باوجود تاحال جاری ہے جہاں بی ایل اے نے ابتک 80 یرغمالیوں کی رہائی اور 214 فورسز اہلکاروں کو یرغمال بنانے کا اعلان کیا ہے۔

مزید برآں علاقے میں شدید آپریشنوں اور جھڑپوں کی اطلاعات بھی آرہے ہیں۔