کوہلو: نامعلوم افراد نے لیویز چوکی کو نذر آتش کردیا

119

بلوچستان میں حالیہ دنوں میں لیویز چوکیوں پر حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، تازہ ترین واقعہ ضلع کوہلو کی تحصیل ماوند کے علاقے منجھرہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے رات گئے سعید آباد لیویز چوکی کو نذر آتش کر دیا جس سے چوکی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

واقعے کے بعد لیویز حکام نے فوراً تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ حملہ آوروں کا سراغ لگایا جاسکے اور اس واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جائیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ چند دنوں میں بلوچستان کے مختلف اضلاع جن میں خضدار، قلات، و دیگر علاقے شامل ہیں، مسلح افراد نے لیویز چوکیوں پر حملہ کرکے اسلحہ ضبط کرتے ہوئے لیویز چوکیوں کو آگ لگادی ہے، جبکہ لیویز اہلکاروں کو انتباہ کے بعد حملہ آوروں کی جانب سے چھوڑ دیا گیا ہے۔

اسی طرح گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے توغو چھپر میں نامعلوم مسلح افراد نے لیویز چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور دو شدید زخمی ہوئے۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

مزید برآں آواران کے علاقے مشکے میں مسلح افراد نے تین مختلف مقامات پر لیویز چوکیوں پر حملہ کرکے اسلحہ ضبط کیا۔

ان حملوں میں متعدد واقعات بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں کی جانب سے قبول کئے گئے ہیں، تاہم آج کوہلو واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔

ان واقعات کے بعد بلوچستان حکومت نے لیویز اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے مزاحمت نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے حکام نے ایسے اہلکاروں کی فوری برطرفی کا فیصلہ کرتے ہوئے 20 سے زائد اہلکاروں کو برخاست اور ایک اسسٹنٹ کمشنر کو معطل کردیا تھا۔