ڈیرہ بگٹی: ایک شخص لاپتہ ، تربت سے دو افراد بازیاب

72

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے ایک شخص جبری لاپتہ جبکہ تربت سے دو جبری لاپتہ افراد بازیاب ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق سوئی کے علاقے بگٹی کالونی سے پاکستانی فورسز کے اہلکاروں نے شمس بگٹی کو ان کے والد جعفر بگٹی سمیت جبری طور پر لاپتہ کردیا۔

عینی شاہدین کے مطابق فورسز کا ایک ویگو ڈالہ مذکورہ افراد کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اٹھا کر لے گئے۔

جعفر بگٹی کو چھوڑ دیا گیا تاہم شمس بگٹی تاحال لاپتہ ہے۔

واضع رہے کہ شمس بگٹی سوئی کے علاقے اوچ میں او جی ڈی سی ایل میں ملازم ہے۔

دریں اثنا تربت بہمن اور شاہی تمپ سے 13 اکتوبر 2024 کو پاکستانی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ کیے گئے یاسر حمید اور عطا نور بخش 4 مہینے کی گمشدگی کے بعد جمعہ کی شب بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔

دونوں کے بازیابی کی تصدیق ان کے اہل خانہ نے کی ہے۔

یاد رہے کہ لاپتہ ہونے کے بعد یاسر حمید اور عطا نور بخش کی بازیابی کے لیے ان کے اہل خانہ نے احتجاج کے مختلف ذرائع استعمال کرنے کے علاوہ حکام سے ملاقات کرکے مدد طلب کی تھی۔