ڈاڈھیارو بلوچستان کا علاقہ ، سندھ کا سیاحتی علاقہ قرار دینا قابل مذمت ہے ۔ بی این پی، این پی

39

بلوچستان نیشنل پارٹی نے سندھ حکومت کی جانب سے ڈاڈھیارو کو سیاحتی علاقہ قرار دینے کے نوٹیفکیشن پر شدید اعتراض کیا ہے۔ بی این پی کے مطابق، ڈاڈھیارو بلوچستان کی تحصیل کرخ کے یونین کونسل بھلونک کا حصہ ہے، اور اسے سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ میں شامل کرنے کا اقدام ناقابل قبول ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی انگریزوں نے بلوچستان کے کئی علاقوں کو سندھ، ایران، اور افغانستان میں شامل کیا تھا، لیکن ڈاڈھیارو ہمیشہ بلوچستان کا حصہ رہا ہے اور رہے گا۔

بی این پی نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس نوٹیفکیشن کو فوری طور پر واپس لے اور اس قسم کی اشتعال انگیزی سے باز رہے

دریں اثنا نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں سندھ حکومت کی جانب سے بلوچستان کی سرزمین کو سیاحتی مرکز قرار دینے کے احکامات کو دراندازی و مضحکہ خیر قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی۔وحدتوں کے سرحدات واضح ہے اس کے باوجود بلوچستان کے حدود میں مداخلت قبضہ گیریت کی انتہا ہے۔ ڈاریاڑو ضلع خضدار بلوچستان کا قومی حصہ ہےنیشنل پارٹی کسی کو بھی اپنے قومی سرزمین پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا اور ایسے گھناونے اقدام کے خلاف بھرپور مزاحمت کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس قبل بھی سندھ حکومت نے خضدار کے مذکورہ و دیگر علاقوں کو ساتھ شامل کرنے کی سازش کی جس پر پارٹی رہنما و اس وقت کے ایم پی اے نے اسمبلی فلور پر اس مسلہ کو اٹھایا اور عوامی تحریک کی قیادت کی۔جس پر سندھ حکومت کو ناکامی ہوئی۔بیان میں کہاگیا کہ بلوچستان ایک حقیقت ہے اور بلوچستان کی قومی سرزمین وسائل قومی امانت ہے۔وفاق کی استحصالی پالیسیوں اور قومی وسائل پر قدغن کی منفی پالیسی نے بلوچستان میں احساس محرومی پیدا کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کی تاریخی قومی سرزمین کو اس قبل انگریز استعمار نے تقسیم کرکے سندھ پنجاب خیبر پختونخوا سمیت ہمسایہ ممالک میں شامل کردیا۔جس سے بلوچ مختلف وحدتوں و ممالک میں تقسیم ہوگئے ہیں۔بیان میں کہاگیا کہ سندھ حکومت کی جانب سے حالیہ اقدام سندھ حکومت کی بلوچستان کے قومی سرزمین و وسائل پر قبضہ کرنے کی کوشش ہے اور اس قیمتی زمین کو حاصل کرنے کے لیے منفی و گھناونے اقدام سے کام لے رہی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان حکومت کو بلوچستان کے مفادات کو مدنظر رکھ کر اس دراندازی کو چیلنج کرنا چاہیے۔پی پی کی بلوچستان حکومت اور پی پی کے صوبائی قیادت اس گھناونے اقدام کو اپنے اعلیٰ قیادت کا سامنے اٹھائیں اور اپنی سرزمین کا دفاع کریں۔

بیان میں کہاگیا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے تحفظ کے لیے اپنا قومی و سیاسی کردار ادا کریگی۔اور اپنے قومی وسائل و سرزمین کے تحفظ کے لیے جمہوری مزاحمتی جدوجہد کررہی ہے۔