پنجگور اور آواران میں لیویز فورس کا اسلحہ و سامان ضبط، رسد گاڑیوں پر حملہ

172

بلوچستان کے ضلع پنجگور اور آواران میں کل رات نامعلوم افراد نے لیویز چوکیوں پر حملہ کرکے وہاں تعینات لیویز اہلکاروں کے اسلحہ و دیگر سامان قبضہ میں لے لیا جبکہ فورسز کیلئے رسد پہنچانے والی گاڑیوں کو حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کل رات آواران کے علاقے بزداد اور پنجگور کے علاقے پروم میں رات گئے نامعلوم افراد نے لیویز فورس کے چوکیوں پر حملہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے اس دوران لیویز فورس کے اسلحہ اور دیگر سامان پر قبضہ کرکے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

تاہم ان دونوں واقعات میں کسی قسم کی جانی نقصانات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہے۔ جبکہ حکام کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔

گذشتہ روز پنجگور کے تحصیل پروم میں مسلح افراد نے دو گاڑیوں پر فائرنگ کرکے دو مزدا ٹرکوں کو نقصان پہنچایا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ گاڑیاں فورسز کے پوسٹس پر رسد پہنچانے کے بعد واپس آرہے تھے کہ ان کو نشانہ بنایا گیا۔