منگچر پاکستانی فورسز کے ہاتھوں ایک شخص لاپتہ، مکینوں کا دھرنا

68

ایک شخص کی جبری گمشدگی کے خلاف منگچر کے مقام پر دھرنا جاری، مرکزی شاہراہ کئی گھنٹوں سے بند

بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگچر کے مقام پر مکینوں نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا، جس کے باعث قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔

منگچر دھرنا پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والے شخص کے لواحقین اور علاقہ مکینوں کی جانب سے دیا جارہا ہے۔

قلات سے ذرائع کے مطابق آج شام سات گاڑیوں پر مشتمل ایف سی اہلکاروں نے قلات کے علاقے منگچر بازار سے عبدالحمید بنگلزئی نامی شخص کو حراست میں لیکر اپنے ہمراہ لے گئے جس کے بعد سے وہ منظرعام پر نہیں آسکے ہیں۔

منگچر دھرنے کے شرکاء نے حکام اور فورسز سے عبدالحمید بنگزئی کو فوری طور پر منظرعام پر لانے اور بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

مظاہرین کے مطابق عبدالحمید ایک دکان دار ہے اور منگچر بازار میں ایک بیکری چلاتے ہیں پاکستانی فورسز نے انکی دکان پر دھاوا بولتے ہوئے انھیں تشدد کے بعد لاپتہ کردیا ہے، اگر انھیں فوری طور پر بازیاب نہیں کیا جاتا تو انکا دھرنا کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر جاری رہیگا۔

رات گئے سڑک ٹریفک کے لئے بحال نہیں ہوسکا ہے جبکہ حکام کی جانب سے تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آسکا ہے۔