بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سریاب کوئٹہ کی قدیم آبادی ہے جہاں لاکھوں کی آبادی موجود ہے پچھلے سات دہائیوں سے سریاب ترقی کرنے کے بجائے کھنڈرات میں بدل دیا گیا۔ منشیات فروشی، چوری و ڈاکہ زنی اور دیگر سماجی برائیوں نے سریاب کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا، مگر حالات اس وقت بدل گئے جب ان تمام حالات سے نبردآزما عوام کو امید کی روشنی ملی۔
انہوں نے کہا کہ آج سے ایک دہائی قبل بینظیر بھٹو ہسپتال کے نام سے ایک عمارت کھڑی کی گئی مگر یہ ہسپتال صرف عمارت ہی رہی، سالوں تک یہ ویران عمارت منشیات کے عادی افراد کا گڑھ بن گیا تھا سریاب کے نوجوانوں نے علاقائی معززین کے ساتھ ملکر اس کھنڈر نما ہسپتال کو لائبریری میں بدلنے کا فیصلہ کیا۔ اور سریاب میں پہلی دفعہ لوڑکاریز پبلک لائبریری کے نام سے لائبریری کا بنیاد رکھا گیا۔ وہ سریاب جہاں ریاستی سرپرستی میں سماجی برائیاں عروج پاچکی تھیں وہاں نوجوانوں کے ہاتھوں میں کتابیں تھما دی گئیں۔ہزاروں کتابیں اور پرسکون ماحول سینکڑوں نوجوانوں کی تعلیمی عمل کو جاری رکھنے کا واحد وسیلہ بن چکا تھا۔ سریاب لٹریری فیسٹول اسی لائبریری کی قابل فخر عمل میں سے ایک ہے مگر اندھیروں کے عادی اور اس کی پرورش کرنے والوں کو یہ روشنی شروع دن سے آنکھوں میں کھٹک رہا تھا، انہوں نے اس لائبریری کو ختم کرنے کی تمام تر سازشیں شروع کیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال سے ایک مخصوص گروہ دوبارہ متحرک ہوا ہے وہی گروہ جنہوں نے بلوچ عوام کی زمینیں سرکاری طاقت کے بل بوتے پہ ہڑپ لیے تھے اور اب اس لائبریری کو ہڑپنا چاہتے ہیں۔ دس سال بعد ہسپتال کی دوبارہ فعالیت کے نام پہ لائبریری کو ختم کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں جو باعث تشویش ہے حالانکہ ہسپتال یا لائبریری دونوں کیلیے زمین موجود ہے علاقائی عوام ہسپتال کیلیے متبادل جگہ بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں یا پھر لائبریری کیلیے متبادل جگہ چاہتے ہیں مگر حکومت کسی ایک بھی مطالبے کو پورا کرنے کیلیے راضی نہیں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم حکومت وقت سے لائبریری کو ختم کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ لائبریری کو یہیں رہنے دے تاکہ یہاں نوجوان اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ یا پھر لائبریری کیلئے متبادل جگہ فراہم کرکے نئے لائبریری کا قیام عمل میں لایا جائے۔ تنظیم سریاب کے شعور یافتہ عوام کیساتھ ملکر اس علم دشمن عمل کیخلاف جدوجہد کرے گی اور ان تمام مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔