رابطہ کاری پارٹی کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ بی این ایم کا دوروزہ تربیتی ورکشاپ

79

رابطہ کاری کسی بھی جماعت کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار بلوچ نیشنل موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ نے رابطہ کاری کے موضوع پر پارٹی کے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا رابطہ کاری پارٹی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے ، اس لیے اس حوالے سے ممبران کی تربیت ضروری ہے۔

چیئرمین بی این ایم نے ورکشاپ کے منتظمین کی تعریف کی اور مزید پروگرامز کے انعقاد کی ہدایت دی۔

ورکشاپ کا انعقاد پارٹی کے ادارہ تعلیم و تربیت ( کیپسٹی بلڈنگ کونسل ) نے کیا۔دو روزہ ورکشاپ بی این ایم کے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر جلال بلوچ کی ہدایات و نگرانی میں ہوئی۔ ادارہ تعلیم و تربیت کے نمائندے حفیظ بلوچ اور بی این ایم برطانیہ چیپٹر کے جنرل سیکریٹری کمبر بخشی نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔اس پروگرام میں جرمنی ، برطانیہ ، امریکا ، نیدرلینڈز ، مشکے ۔ آواران ھنکین اور کیچ ۔ گوادر ھنکین کے ممبران نے حصہ لیا۔

ورکشاپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر جلال بلوچ نے کہا ورکشاپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد رابطہ کاری کی اہمیت، افادیت، ترتیب و طریقہ کار، اور اس کے سماج، اداروں اور شخصیات پر اثرات کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔ منعقدہ پروگرام میں رابطہ کاری کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ورکشاپ کے تمام سیشنز میں شرکا نے بھرپور حصہ لیا ۔ انھوں نے اپنے تجربات، خیالات اور سوالات کے ذریعے سیشنز کو مزید مفید اور معلوماتی بنایا۔ جس کی وجہ سے سیاسی عمل کو دوام بخشنے کے لیے شرکا کو رابطہ کاری کے اصولوں کو عملی طور پر سمجھنے کا موقع ملا۔

پارٹی کے جونیئر جوائنٹ سیکرٹری حسن دوست بلوچ جو وقتاً فوقتاً پروگرام کا جائزہ لیتے رہے کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے پروگرامز سے سیاسی کارکنان کے کام میں نکھار پیدا ہوتا ہے جس سے پارٹی تعمیر و ترقی کی جانب گامزن ہوتی۔ یہ دو روزہ ورکشاپ نہایت کامیاب رہا، جس میں شرکا نے نہ صرف رابطہ کاری کے بنیادی اصولوں کو سیکھا بلکہ ورکشاپ کے نتیجے میں بی این ایم کے کارکنان میں رابطہ کاری کے حوالے سے مزید آگاہی اور مہارتیں پیدا ہوئیں، جو سیاسی عمل میں ان کے لیے مددگار ثابت ہوں گی۔