خضدار: ڈپٹی کمشنر کا مغوی اسماء کی بازیابی کا دعویٰ، مغوی جب تک دھرنا گاہ نہیں پہنچتی دھرنا جاری رہے گا۔ لواحقین

118

سرکاری حمایت یافتہ گروہ کے ہاتھوں اغوا ہونے والی اسما بلوچ کے لواحقین نے دھرنا جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ مغوی کو دھرنا گاہ پہنچائی جائے ۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی حکومت اور خصوصاً وزیر اعلی بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کی ذاتی کوششوں سے انتظامیہ نے سخت جتن کے بعد ملزمان تک رسائی حاصل کی۔

ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے بتایا کہ پولیس، لیویز اور خفیہ ادارے شروع دن سے اسما بی بی کی باحفاظت بازیابی اور ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے کوششوں میں مصروف تھی۔ ان سب کی مشترکہ کوششوں کے باعث اسما بی بی کو صحیح سلامت بازیاب کرانے میں کامیاب ہوئے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔

اس واقعہ کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی نے خضدار شہر میں دو دنوں تک شٹرڈاؤن ہڑتال کی اور کوئٹہ کراچی سمیت کراچی مکران شاہراہیں احتجاج کے سبب بلاک کردی گئی ہیں ۔ لواحقین نے بتایا کہ اسما کو جب تک دھرنا گاہ نہیں پہنچایا جاتا یہ احتجاج اسی طرح جاری رہے گا ۔