بلوچ یکجہتی کمیٹی کے زیر اہتمام حب چوکی، مستونگ اور پنجگور میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں بلوچستان میں ریاستی ڈیتھ اسکواڈز کی جانب سے شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ، فورسز کی جانب سے جبری گمشدگیوں میں اضافہ اور لاپتہ افراد کو جعلی مقابلوں میں قتل کرنے کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے آج 27 فروری 2025 کو لسبیلہ پریس کلب حب میں ریاستی پالیسی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے مارو پھینکو کی پالیسی کی شدت کو بڑھانے پر شدید احتجاج کیا۔
مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جن میں لاپتہ افراد کے لواحقین بھی شامل تھے جنہوں نے اپنے پیاروں کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب بلوچ یکجہتی کمیٹی مستونگ نے لاپتہ افراد کی جعلی مقابلوں میں قتل ٹارگٹ کلنگز اور جبری گمشدگیوں کے خلاف شہید سفر خان چوک سے ریلی نکالی، ریلی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی شہید سلطان چوک پر دھرنے کی صورت اختیار کر گئی جہاں مظاہرین نے جبری گمشدگیوں کے خاتمے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی پنجگور زون نے بھی پنجگور جاوید چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں بڑی تعداد میں شہری جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے نے بلوچ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ اور جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج کیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ریاستی ظلم و جبر کا سلسلہ فوراً بند کیا جائے اور لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔
دریں اثناء بلوچ یکجہتی کمیٹی نے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ بی وائی سی رہنماء کل کوئٹہ میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کریں گے۔