تربت یونیورسٹی طلباء کا ساتھیوں کی جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج

47

تربت یونیورسٹی کے طالب علم احسان سرور اور کامل شریف کی باحفاظت بازیابی کے لیے یونیورسٹی کے طلباء نے احتجاجی ریلی نکالی۔ یہ ریلی کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ، انگلش ڈیپارٹمنٹ اور ایڈمن آفس سے گزرتے ہوئے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سامنے اختتام پذیر ہوئی، جہاں طلباء نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا۔

مظاہرین نے دونوں طلباء سمیت تمام جبری گمشدہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔

احتجاج میں شریک طلباء کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد صرف اپنے ساتھیوں کی بازیابی نہیں، بلکہ اس کے ذریعے یہ پیغام دینا بھی تھا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے جبری گمشدگیوں کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کریں۔

طلباء نے یہ بھی کہا کہ یہ مسئلہ صرف ان کی یونیورسٹی تک محدود نہیں، بلکہ پورے بلوچستان کے ہر طالب علم کے لیے ایک اہم اور سنجیدہ مسئلہ ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ احسان سرور، کامل شریف اور دیگر گمشدہ افراد کی بازیابی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو سکون اور اطمینان حاصل ہو۔

طلباء کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات کا جلد اور مؤثر حل نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے ضروری ہے بلکہ پورے معاشرے کی فلاح کے لیے بھی ضروری ہے۔