تحصیل شاہوگیڑی، حرماگئے
تحریر: میرین بلوچ
دی بلوچستان پوسٹ
ریاستِ پاکستان کے پارلیمانی لیڈر، واشک کے ایم پی اے حاجی زاہد علی ریکی اور شاہوگیڑی کے ایس ایچ او ریاض احمد کی پشت پناہی میں مظلوم بلوچوں کی زمینوں پر ریاستی ڈیتھ اسکواڈ اور قبضہ مافیا کا راج برقرار ہے۔
چودہ فروری چونکہ جمعہ کا دن تھا، اس لیے اپنے کام سے صبح سویرے حرماگئے جانا ہوا۔ جلدی سے اپنا کام نمٹاکر واپسی میں حرماگئے کے راستے میں مجید خان نامی شخص کے ہوٹل پر چائے پینے کے لیے رکنا پڑا۔ باہر نظر پڑی تو دیکھا کہ شاہوگیڑی کے ایس ایچ او ریاض احمد کے ہمراہ سول وردی میں ملبوس 20 سے 25 مسلح افراد ہوٹل میں قہقہے لگاتے ہوئے داخل ہو رہے تھے۔
کچھ ہی دیر میں شدید شور شرابہ سنائی دیا۔ باہر نکل کر دیکھا تو ایس ایچ او ریاض احمد کو چار پانچ افراد نے گھیر رکھا تھا اور زور زور سے چلا رہے تھے کہ ’’جن قبضہ گروپوں کے ساتھ آپ مسلح ہو کر ہوٹل میں چائے پی رہے ہیں، یہی لوگ ہماری جدی پشتی زمینوں پر قابض ہیں۔ کتنی مرتبہ ایم پی اے واشک حاجی زاہد علی ریکی، کمشنر رخشان اور آپ (ایس ایچ او ریاض احمد) کو نوٹس دیے گئے! یہاں تک کہ شاہوگیڑی سے لے کر حرماگئے تک محکمہ پولیس کی تمام گاڑیوں کو پٹرول تک فراہم کیا گیا تاکہ آپ آکر ان کے خلاف کارروائی کریں، لیکن آپ نے کوئی اقدام نہیں کیا۔‘‘
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر قبضہ گروپوں کو نہ روکا گیا تو حرماگئے میں بلوچ عوام کے درمیان خونریزی مزید بڑھے گی۔ مگر شاہوگیڑی کے ایس ایچ او ریاض احمد نے ان کی بات سننے کے بجائے خود کلاشنکوف اٹھا لی اور ایک بوڑھے شخص کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہوئے اسے گالیاں دینے لگا۔ لوگوں کے ہجوم نے کسی طرح ایس ایچ او کو پرسکون کر کے کرسی پر بٹھایا۔ اس دوران مجھے ایس ایچ او ریاض احمد کی ایک ویڈیو کلپ بنانے کا موقع بھی ملا، جو جلد ہی سوشل میڈیا پر جاری کی جائے گی۔
مزید معلومات کرنے پر معلوم ہوا کہ حرماگئے میں گزشتہ کئی سالوں سے زمین کے تنازعات پر بلوچ عوام ایک دوسرے کے ساتھ دست و گریبان ہیں۔ ان جھگڑوں میں مختلف اقسام کے اسلحے کا استعمال کیا گیا ہے، جبکہ کلہاڑیوں کے وار سے بھی کئی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔
حرماگئے میں قبضہ گروہ عام طور پر پہلے کسی کی جدی پشتی زمین پر قبضہ کر لیتے ہیں اور پھر کسی اور کو بیچ دیتے ہیں۔ ان گروپوں کو ریاستِ پاکستان کے پارلیمانی لیڈر، ضلع واشک کے ایم پی اے حاجی زاہد علی ریکی کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔ حاجی زاہد علی ریکی نے تحصیل شاہوگیڑی کے ایس ایچ او ریاض احمد کو ان قبضہ گروہوں کی مکمل حمایت اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا پابند کر رکھا ہے۔
دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔