بی این ایم وفد کی ہالینڈ کے ممبران پارلیمان سے ملاقات اور بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گفتگو

55

بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پارٹی کے ایک وفد نے ڈچ پارلیمنٹ کے رکن ایسا کہرامان (Isa Kahraman) ، ایرک وان دیربرگ (Eric van der Burg) کور پیریک (Cor Pierik) اور جان پیٹرنوٹ (Jan Paternotte) سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایسا کہرامان پارلیمنٹ میں دفاع، خارجہ امور، اور بیرون ملک مذہبی اقلیتوں کے معاملات پر کام کرتے ہیں۔ وہ پارلیمنٹ کی دفاعی کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔

وفد میں بی این ایم کے انسانی حقوق کے ادارے پانک کے کوآرڈینیٹر جمال بلوچ، بی این ایم نیدرلینڈز چیپٹر کے صدر مھیم عبدالرحیم بلوچ، نائب صدر وحید بلوچ، جنرل سیکریٹری دیدگ بلوچ، اور جوائنٹ سیکریٹری عالیہ بلوچ شامل تھے۔ وفد نے ہالینڈ کے ممبران پارلیمان کو بلوچستان میں جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، فوجی آپریشنز، اور دیگر ریاستی جبرکے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اور پانک کی جانب سے تیار کردہ ایک تحقیقی کتابچہ بھی ان کے حوالے کیا۔

وفد نے اس بات پر زور دیا کہ ڈچ حکومت اور عالمی برادری کو بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رہنا چاہیے اور انہیں اس مسئلے پر اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

ایسا کہرامان اور ایرک وان دیربرگ نے بلوچستان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کو متعلقہ فورمز پر اٹھائیں گے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کریں گے۔

ملاقات کے دوران، بی این ایم کے وفد نے ایک پٹیشن بھی جمع کرائی، جس میں بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر توجہ دینے اور اس کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔