اوتھل: کوسٹل ہائی وے پر خوفناک حادثہ، دو بسوں میں تصادم، 3 افراد جاں بحق، 10 زخمی

87

کوسٹل ہائی وے پر گوادر سے کراچی اور کراچی سے گوادر جانے والی دو مسافر بسوں کے درمیان پھور کے مقام پر خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لیاری اور پھور رسملان کی ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

ٹرانسپورٹ ذرائع کے مطابق الحنیف کوچ نمبر TDA-111 کراچی سے گوادر جب کہ شیر جان کوچ FDS-5858 گوادر سے کراچی جارہی تھیں جو آپس میں ٹکرا گئیں تاہم ابھی تک حادثے کا سبب معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

حادثے میں دونوں بسوں کے ڈرائیور عبدالغنی الحنیف کوچ، اشفاق ڈرائیور شیر جان کوچ کے علاوہ غلام مصطفیٰ نامی مسافر جو وندر سے تعلق رکھتا ہے، ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ کم از کم 10 مسافر زخمی ہوئے ہیں۔

زخمیوں میں عاشق حسین ولد حاصل سکنہ تربت، عبدالعالم ولد غورام یار سکنہ مچھر کالونی کراچی، آصف ولد یوسف سکنہ کراچی، نواب ولد نور محمد سکنہ کراچی، منور ولد فقیر محمد سکنہ حب چوکی، نزیر ولد وش دل سکنہ وندر محمد خان سکنہ وندر، عمران ولد سکنہ قلات اور مسمات نزیرہ سکنہ گوادر شامل ہیں۔

اسٹیشن کوارڈی نیشن ای آر سی مکران کوسٹل ہائی وے دنیش کمار نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں زخمیوں کو بسوں سے نکال کر ڈی ایچ کیو اوتھل منتقل کررہی ہیں زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اوتھل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کوسٹل ہائی مکران حاجی خان نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملنے کے فوری بعد ایمرجنسی ریسکیو سینٹر کو. متحرک کردیا گیا اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر جائے حادثہ پہنچے جب کہ ڈی ای او کیو اوتھل میں بھی ایمرجنسی لگائی گئی۔