تربت: شریف ذاکر کا کم سن بیٹا اور رشتہ دار لاپتہ

161

تربت میں سیکنڈ ایئر کے 17 سالہ طالب علم کامل شریف اور ان کے قریبی رشتہ دار احسان سرور بدھ کی صبح 9 بجے سے لاپتہ ہیں۔ ان کے فون بھی صبح سے مسلسل بند آرہے ہیں۔

کامل شریف، ساچان اسکول کے ڈائریکٹر اور متحرک سماجی شخصیت شریف ذاکر کے بیٹے ہیں جب کہ احسان سرور ان کے قریبی رشتہ دار ہیں۔

شریف ذاکر نے دونوں نوجوانوں کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ان کے مطابق بدھ کی صبح 9 بجے یہ دونوں نوجوان ساچان اسکول سے پارک ہوٹل کے قریب ایک ضروری کام کے سلسلے میں گئے تھے لیکن واپس نہیں آئے اور تب سے ان کے فون مسلسل بند ہیں۔

شریف ذاکر نے بتایا کہ انہوں نے دونوں نوجوانوں کو تلاش کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کوئی سراغ نہ ملا اس کے بعد انہوں نے پولیس اسٹیشن جا کر گمشدگی کی درخواست جمع کرائی تاکہ پولیس ان کے لاپتہ ہونے اور ممکنہ اغواء کاروں کا کھوج لگا سکے۔

یاد رہے کہ دو دن قبل سنگانی سر میں شریف ذاکر کی رہائش گاہ پر دستی بم پھینکا گیا اور اس کے بعد فائرنگ بھی کی گئی تاہم اس واقعہ کے بعد کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔