بلوچستان کے ضلع کیچ کے ہیڈکوارٹر تربت سمیت دو مقامات پر احتجاج جاری ہے۔
ظریف عمر اور نوید حمید کے قتل پر تربت میں احتجاج جاری ہے جب کہ زمان جان اور ابوالحسن کی رہائی کے لیے ہوشاپ زیرو پوائنٹ پر سی پیک شاہراہ بدستور بند ہے۔
تربت میں پانچ دنوں سے دو مختلف مقامات پر احتجاج کیا جارہا ہے جس میں خواتین، بچے اور عام شہری شریک ہیں۔ شہہد فدا چوک تربت میں گذشتہ 5 دنوں سے تمپ میں قتل کیے گئے ظریف عمر اور بلیدہ میں قتل کیے گئے نوید حمید کے اہل خانہ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کی احتجاجی کیمپ میں ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ مظاہرین نے شہید فدا چوک کو چاروں جانب بند کرکے ٹریفک معطل کردی ہے۔
دوسری جانب زمان جان اور ابوالحسن کے لیے ہوشاپ زیرو پوائنٹ پر سی پیک شاہراہ چوتھے دن بدستور بند رہا اس دوران خواتین اور بچوں نے شاہراہ پر مظاہرہ کیا اور رکاوٹیں ڈال کر ٹریفک بھی جام کررکھا ہے۔ انہوں نے زمان جان اور ابوالحسن کی رہائی تک دھرنا دینے اور شاہراہ بند کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔
واضح رہے کہ زمان جان اور ابوالحسن کو 16 دسمبر 2024 کو تربت سے لاپتہ کیا گیا تاہم سی ٹی ڈی کے ذریعے ان کی گرفتاری کل یکم جنوری کو قلعہ عبداللہ سے ظاہر کی گئی اور ان پر کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔