پسنی میں ہندو خاتون کے ساتھ زیادتی کی کوشش کا شرمناک واقعہ پیش آیا ملزم، جو علاقے میں مولوی کے طور پر جانا جاتا ہے، نے خود کو طالبان قرار دے کر متاثرہ خاتون کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
تفصیلات کے مطابق، ہندو خاتون پوجا دیو، جو کہ سرکاری اسکول کی ٹیچر ہیں، نے تھانہ پسنی میں رپورٹ درج کروائی۔
ایف آئی آر کے مطابق، امداد ولد محمد اختر نامی شخص رات کے 4 بجے ان کے گھر میں گھس آیا اور بندوق کے زور پر ان کے شوہر کو گھر سے نکال کر زیادتی کی کوشش کی تاہم خاتون نے سخت مزاحمت کرتے ہوئے اسے گھر سے باہر نکال دیا۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ملزم نے دھمکی دی کہ اگر انہوں نے اس واقعے کے بارے میں زبان کھولی تو وہ طالبان کے طور پر انہیں قتل کر دے گا۔ مزید یہ کہ ہندو مذہب کی بنیاد پر علاقے میں انہیں برداشت نہ کرنے کا بھی عندیہ دیا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق، یہ پہلا موقع نہیں کہ پوجا دیو کو ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل بھی ان کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد انہوں نے اپنی ٹرانسفر حب کروا لی تھی۔ تاہم، حال ہی میں دوبارہ ان کا تبادلہ پسنی کیا گیا، اور وہ 14 جنوری کو اپنے شوہر کے ہمراہ واپس پہنچیں۔
ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ واقعے کے بعد شدت پسند عناصر اور کچھ مقامی تنظیمیں متاثرہ خاتون کو بدنام کرنے اور علاقے میں ان کی موجودگی کو غیر محفوظ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
واقعے میں ملوث شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا اور مزید کاروائی کی جارہی ہے۔