بلوچستان کے علاقے پسنی میں کوسٹ گارڈز اہلکاروں اور قلات میں ڈپٹی کمشنر دفتر کو حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
گوادر کے علاقے پسنی کے بنگلہ بازار میں نامعلوم افراد نے کوسٹ گارڈز کیمپ کو حملے میں نشانہ بنایا ہے۔
ذرائع کے مطابق حملے کے وقت دھماکوں کی آواز سنی گئی جس کے نتیجے میں فورسز کو نقصانات کا سامنا رہا ہے تاہم حکام کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔
دریں اثناء قلات شہر میں ڈپٹی کمشنر آفس کے مین گیٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے دستی بم سے حملہ کیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں وہاں تعینات ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے۔
زخمی پولیس اہلکار کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق مسلح افراد حملے کے بعد فرار ہوگئے۔
خیال رہے منگل کے روز بلوچستان میں چار واقعات میں پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔
آج صبح زامران کے علاقے میں پاکستانی فورسز کے قافلے میں شامل گاڑی کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس کے میں اہلکاروں کو جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔
زامران حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی۔ ترجمان جیئند بلوچ نے بیان میں کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں فورسز کے پانچ اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے جبکہ ان کی گاڑی مکمل تباہ ہوئی۔
دیگر حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔