بلوچستان کے ضلع قلات میں معدنیات لیجانے والی گاڑیوں کو مسلح حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
گذشتہ شب قلات کے تحصیل منگچر میں مسلح افراد نے معدنیات لیجانے والی تین گاڑیوں کو فائرنگ کرکے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گاڑیوں کے ٹائر پھٹ گئے اور مزید نقصان پہنچا۔
رواں مہینے بلوچستان میں معدنیات لیجانے والی گاڑیوں پر حملے کا یہ تیسرا واقعہ ہے اس سے قبل نوشکی میں دو مختلف واقعات میں مجموعی طور پر آٹھ گاڑیوں کو حملوں میں نشانہ بنایا گیا جس کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی۔
بلوچستان میں اکثر اوقات بلوچ آزادی پسند تنظیموں کی جانب سے معدنیات لے جانے والی گاڑیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، یہ تنظیمیں ان حملوں کو بلوچ وسائل کی لوٹ مار کے خلاف کارروائی قرار دیتے ہیں۔
خیال رہے تربت میں مجید برگیڈ کے حملے کے وقت بلوچ لبریشن آرمی نے ایک بیان میں کہا کہ بی ایل اے بلوچ وسائل و معدنیات کی لوٹ مار میں شریک مال بردار گاڑی مالکان کو بھی یہ تنبیہ جاری کرتی ہے کہ وہ بلوچ وسائل کی لوٹ مار میں اپنی شراکت داری بند کردیں ورنہ انکی تمام گاڑیوں کو نذر آتش کردیا جائیگا۔
تاہم قلات حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔