بلوچ نیشنل موومنٹ کے سابق چیئرمین خلیل بلوچ نے میر سفیر بلوچ کو تنظیم میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی اصل طاقت اس کے کارکنوں اور اجتماعی جدوجہد میں مضمر ہےاور میر سفیر بلوچ جیسے تجربہ کار رہنما کی شمولیت یقیناً اس جدوجہد میں مزید وسعت اور قوت کا باعث ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ میر سفیر بلوچ نے قومی تحریک میں ایک رہنما کی حیثیت سے طویل مسافت طے کی اور تحریک میں گرم و سرد اور نشیب و فراز کا مشاہدہ کیا ہے، ان کی سیاسی بصیرت اور تجربہ قومی جدوجہد میں مددگار ثابت ہوگا۔
خلیل بلوچ نے کہا کہ میر سفیر بلوچ کی عملی جدوجہد، سیاسی بصیرت اور اصولی موقف ہماری تنظیمی جدوجہد میں ایک مثبت اضافہ ثابت ہوگا۔ تحریک کی اصل قوت ہمیشہ اجتماعی جدوجہد اور تمام کارکنوں کی قربانیوں میں پوشیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ نیشنل موومنٹ کا نظریہ اور تنظیمی ڈھانچہ ہر فرد کو اجتماعی جدوجہد کا حصہ بناتا ہے، جہاں ہر کارکن کی محنت اور کردار اہم ہے۔ میر سفیر بلوچ کی شمولیت ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ ہماری جدوجہد شخصی بنیاد پر نہیں بلکہ ایک اجتماعی نصب العین کے حصول کے لیے ہے اور ہمیں اسی جذبے سے آگے بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ میر سفیر بلوچ کو ایک بار پھر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہوئے، میں دعاگو ہوں کہ ان کا یہ قدم پارٹی اور تحریک کے لیے مزید کامیابیاں اور حوصلہ افزائی کا باعث بنے۔