زہری حملے کے خلاف بیان: نیشنل پارٹی کی خیر جان بلوچ کے بیان سے لاتعلقی

70

نیشنل پارٹی نے زہری واقعے پر اپنے رکن اسمبلی خیر جان بلوچ کے بیان سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔

پارٹی کے صوبائی ترجمان نے ایک اعلامیہ میں واضح کیا کہ خیر جان بلوچ کے ویڈیو بیان سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں اور پارٹی اس بیان سے اتفاق نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری انسرجنسی کے ماحول میں نیشنل پارٹی غیر جانبدار رہتے ہوئے سیاسی و جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے طاقت کے ذریعے حل کرنا ناممکن ہے۔ مشرف دور میں شروع ہونے والے حالات کے نتیجے میں آج بھی نوجوان لاپتہ ہو رہے ہیں، مسخ شدہ لاشیں مل رہی ہیں، اور اس کے سبب مسلح مزاحمت اور فوجی آپریشن دونوں میں اضافہ ہوا ہے۔

نیشنل پارٹی کا مؤقف روزِ اول سے یہ رہا ہے کہ طاقت کے استعمال سے مسائل مزید بگڑتے ہیں اور ان کا حل صرف سیاسی طریقے سے ممکن ہے۔ خیر جان بلوچ کے بیان پر ترجمان نے کہا کہ پارٹی کے ذمہ دار فورمز پر اس پر بحث کی جائے گی، لیکن پارٹی اپنی پالیسی اور بیانیے پر قائم ہے۔