بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے زامران میں پاکستانی فورسز کو آئی ای ڈئ حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق آج صبح زامران کے علاقے پوگنزان میں پاکستانی فورسز کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو بم حملے میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں فورسز جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق حملے کے بعد علاقے میں دو ہیلی کاپٹر پہنچے ہیں۔
حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔ زامران میں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں متحرک ہیں جو پاکستانی فورسز کو مختلف نوعیت کے حملوں میں نشانہ بناتے رہے ہیں۔
گذشتہ سال کے اواخر میں کیچ کے علاقے گورکوپ اور دشت میں دو بم دھماکوں میں پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا گیا جن میں مجموعی طور پر کم از کم آٹھ اہلکار ہلاک ہوگئے۔
زامران میں ہونے والا حملہ ایسے موقع پر پیش آیا ہے جب دو روز قبل تربت شہر کے قریب پاکستانی فورسز کے قافلے میں شامل بس کو بلوچ لبریشن آرمی کے مجید برگیڈ نے “فدائی” حملے میں نشانہ بنایا۔
تجزیہ نگار رواں سال کے آغاز میں تربت جیسے بڑی نوعیت کے حملے کو بلوچ مسلح تنظیموں کی جانب سے کاروائیوں میں اضافے کے امکان کا اظہار کررہے ہیں۔