دکی: کوئلہ کان حادثے میں کانکن جانبحق

19

کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے کان کن جانبحق ہوگیا۔

دکی انتظامیہ کے مطابق ہفتہ کو دکی کے علاقے ٹرائبل ایریا میں کوئلہ کان میں کام کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے محمد رمضان نامی کان کن جاں بحق ہوگیا ۔

انتظامیہ نے لاش کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کردیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش کو آبائی علاقے قلعہ سیف اللہ روانہ کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے کوئلہ کانوں میں آئے روز حادثات پیش آتے رہے ہیں، گذشتہ جوبیس گھنٹوں میں اس سے قبل بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے 40 کلومیٹر دور سنجدی کے علاقے میں کوئلے کی ایک کان میتھین گیس کے دھماکے کے باعث منہدم ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں 12 کان کن کان کے اندر پھنس گئے تھیں۔

کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی تنظیمیں اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں ان حادثات کی ذمہ داری ناکافی سہولیات اور ناقص حفاظتی سامان پر ڈالتی ہیں، جو کان کنوں کو فراہم کیا جاتا ہے۔

مزدور تنظیموں کا کہنا ہے حکام کو ان واقعات کو روکنے کے لیے عملی اقدامات اور بہتر حفاظتی انتظامات کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔