بلوچستان لیویز فورس کے ڈائریکٹر جنرل عبدالغفار مگسی نے 6 خواتین کانسٹیبلوں کو تعیناتی کے احکامات کی تعمیل میں ناکامی اور ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے پر فوری طور پر برطرف کردیا۔
ہفتہ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع پشین سے تعلق رکھنے والی چار خواتین لیویز کانسٹیبلوں کو ان کی غیر حاضری، غیر پیشہ ورانہ طرز عمل اور مجاز اتھارٹی کے قانونی احکامات پر عمل کرنے سے انکار پر برطرف کر دیا گیا۔ برطرف کیے گئے کانسٹیبلز میں بی بی شکیرہ، مہ جبین، بی بی رخسانہ اور گلسیمہ شامل ہیں۔
ایک اور نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دو اضافی خاتون کانسٹیبل رافعہ اور روبینہ کی خدمات بھی ختم کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق انہیں دالبندین میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے زیر اہتمام بلوچ نسل کشی کے یادگاری دن کی مناسبت جلسہ کے دوران تعینات کیا گیا تھا۔
تاہم، وہ اپنے تفویض کردہ ڈیوٹی مقامات پر رپورٹ کرنے میں ناکام رہیں۔