حب چوکی: بھائیوں کی جبری گمشدگی کے خلاف ہمشیرہ کا تین روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان

161

ریاست اور ادارے ذمہ دار ہیں، بھائیوں کو منظرعام پر نہ لایا گیا تو شدید احتجاج کیا جائے گا۔

حب چوکی سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں، یاسر اور جنید ولد عبدالحمید، کی جبری گمشدگی کے خلاف ان کی ہمشیرہ یاسمین حمید نے سوشل میڈیا ویب سائٹ “ایکس” پر ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے دونوں بھائی گذشتہ تین ماہ سے جبری گمشدگی کا شکار ہیں۔

یاسمین حمید کے مطابق، 8 اکتوبر 2024 کی رات 10 بجے کے قریب، حب بھوانی شاہ پمپ کے قریب سے جنید حمید کو تین گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے بندوق کے زور پر اغوا کر لیا۔ دو دن بعد، 11 اکتوبر کو، ان کے بڑے بھائی یاسر حمید کو قلات سے پاکستانی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد جبری لاپتہ کردیا ہے۔

اس سے قبل متاثرہ خاندان نے حب چوکی میں پریس کانفرنس اور احتجاجی مظاہرے کیے، لیکن تین ماہ گزرنے کے باوجود دونوں بھائی تاحال منظرعام پر نہیں آسکے ہیں۔

یاسمین حمید نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ اپنے بھائیوں کی بازیابی کے لیے وہ 10 جنوری 2025 بروز جمعہ لسبیلہ پریس کلب کے سامنے تین روزہ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگائیں گی۔

اس کے علاوہ، 12 جنوری بروز اتوار دوپہر 2 بجے ایک احتجاجی مظاہرہ بھی ہوگا۔

انہوں نے تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مظاہرے میں شرکت کریں اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ یاسر اور جنید کی بازیابی کے لیے کردار ادا کریں۔