حب و خاران میں دھماکے، مستونگ میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک

267

بلوچستان میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے صنعتی شہر حب چوکی میں سٹی تھانے کے مرکزی دروازے کے سامنے نصب بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔

دھماکے کے بعد فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ تاہم، اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دوسری جانب خاران میں جنگل روڈ پر صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات ایم پی اے شعیب نوشیروانی کے رہائش گاہ پر نامعلوم مسلح افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔

واقعے میں بھی کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

دریں اثنا، بلوچستان کے ضلع مستونگ میں میجر چوک پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

حملہ پھل فروش ریڑھی بان پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں اختر محمد ولد رستم سکنہ قلعہ عبداللہ شدید زخمی ہوا۔

زخمی شخص کو فوری طور پر شہید نواب غوث بخش میموریل ہسپتال مستونگ منتقل کیا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔