جرمنی: برلن میں دھماکہ، دو پولیس اہلکار زخمی

57
فائل فوٹو

دھماکے کا یہ واقعہ شمالی برلن کے ایک ضلع میں پیش آیا، زخمی اہلکار گشت پر تھے کہ باڑ کے قریب ایک دھماکہ ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک اہلکار کے چہرے اور آنکھوں پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔

دارالحکومت برلن میں حکام نے بتایا کہ پولیس اہلکار معمول کی حفاظتی گشت پر تھے، تبھی محکمہ پولیس کی عمارت کے باڑ کے قریب ایک نامعلوم چیز پھٹ گئی۔

پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا، “آج شام، تقریباً آٹھ بج کر بیس منٹ پر شمالی برلن کے وِٹیناؤ ضلع میں پولیس کی عمارت کے احاطے کی باڑ کے پاس ایک سنگین سکیورٹی واقعہ پیش آیا۔”

پولیس نے مزید کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ابھی تک ایک “نامعلوم چیز پھٹنے کی وجہ سے ایک ساتھی پولیس اہلکار کے چہرے اور آنکھ پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔ ان کے ساتھی اہلکار کو صوتی صدمے کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ فی الوقت دونوں کا ہسپتال میں علاج چل رہا ہے۔”

کرسمس کی تعطیلات کے دوران درجنوں اہلکار زخمی

اس دھماکے کے بارے میں ابھی مزید تفتیش جاری ہے، اس لیے پولیس حکام نے ابھی تک اس پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ خبر رساں ادارے  اے ایف پی نے اس بارے میں مزید وضاحت طلب کی تو پولیس کے ترجمان نے واقعے کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔

البتہ نئے سال کے موقع پر جرمنی بھر میں قانون نافذ کرنے والے 30 اہلکاروں کے زخمی ہونے کے بعد یہ نیا واقعہ پیش آیا ہے۔ ان واقعات میں سے ایک میں غیر قانونی طور پر تیار کردہ آتش بازی سے ایک اہلکار شدید طور پر زخمی ہوا۔

سال نو کے موقع پر ہونے والی تقاریب کے دوران طاقتور آتشبازی سے منسلک واقعات میں ملک بھر میں پانچ افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔