بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سرمچاروں نے بارکھان اور کوہلو میں قابض پاکستانی فورسز کی چوکیوں کو جدید و بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جبکہ بارکھان سے کوہلو جانے والی ہائی وے روڈ کو آمدورفت کے لئے بند کرکے اسنیپ چیکنگ کرکے گاڑیوں کی تلاشی لی۔
انہوں نے کہا ہے کہ سرمچاروں نے چھ جنوری بروز پیر بوقت شام چار بجے بمقام رڑکھن بارکھان میں شم کے مقام پر قائم قابض پاکستانی فورسز کی چوکی کو راکٹ لانچرز اور دیگر جدید و بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں قابض فورسز کو جانی و مالی نقصان پہنچا۔
ترجمان نے کہا کہ دوسری کاروائی کوہلو میں ببرٹک کے مقام پر کل شام ساڑھے آٹھ بجے سر انجام دی، جہاں سرمچاروں نے قابض پاکستانی فوجی چوکی کو راکٹ لانچر اور دیگر ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں فورسز کو جانی و مالی نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ جبکہ کل شام پانچ بجے سے سات بجے کے درمیان سرمچاروں نے بارکھان سے کوہلو جانے والی ہائی وے روڈ کو آمدورفت کے لئے مکمل طور پر بند کرکے اسنیپ چیکنگ کا عمل مکمل کیا۔
ترجمان نے کہا کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ ان تینوں کاروائیوں کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور قابض فوج کے انخلاء تک فورسز اور ان کے تنصیبات کو نشانہ بنانے کا عزم دہراتی ہے۔