کوئٹہ: محکمہ صحت میں بیوروکریسی کی مداخلت ختم کی جائے – ڈاکٹر بہار شاہ

98

گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان کے چیئرمین ڈاکٹر بہار شاہ نے ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان نے پولیو مہم سے بائیکاٹ اس لیے کیا ہے کیونکہ بیوروکریسی کی ناجائز مداخلت اور منفی رویے نے اس مہم کو ناکام بنا دیا ہے۔ صحت کے شعبے کو بیوروکریسی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف مہم کے نتائج متاثر ہو رہے ہیں بلکہ ہیلتھ ورکرز کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو سمیت صحت کے دیگر تمام پروگراموں کے اختیارات ڈویژنل ڈائریکٹرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو دیے جانے چاہئیں۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی غیر ضروری سربراہی نہ صرف مہمات کی کامیابی میں رکاوٹ ہے بلکہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو بھی متاثر کر رہی ہے۔

چیئرمین ڈاکٹر بہار شاہ نے واضح کیا کہ بیوروکریسی کی مداخلت کے باعث پولیو مہم کی شفافیت اور مؤثریت ختم ہو چکی ہے۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان کا بائیکاٹ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات نہیں کی جاتیں اور بیوروکریسی کی مداخلت ختم نہیں کی جاتی۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر صحت کے شعبے کے اختیارات ماہرین کو منتقل کیے جائیں، تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور قومی مہمات کو کامیاب بنایا جا سکے۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان عوام کے حق میں اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرے گی۔