کوئٹہ: عدالت نے جبری لاپتہ نوجوان کو مفرور قرار دے دیا

162

انسداد دہشتگردی کورٹ، کوئٹہ نے جبری طور پر بلوچ نوجوان کو مفرور قرار دے دیا۔

اے ٹی سی کورٹ نے بذریعہ ایک اخباری اشتہار شاہ داد اسماعیل ولد محمد اسماعیل قمبرانی سکنہ مستونگ اور محمد غلامانی ولد خان محمد غلامی سکنہ خضدار کو سی ٹی ڈی پولیس تھانہ کوئٹہ کے ایک ایف آئی آر میں دفعہ فوجداری پاکستان ہمراہ دفعہ انسداد دہشتگردی ایکٹ میں نامزد ہونے پر مفرور یا روپوش قرار دیا ہے۔

مذکورہ افراد میں سے شاہ داد اسماعیل کو پاکستانی فورسز و خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے رواں سال جبری طور پر لاپتہ کردیا تھا۔

ریکارڈز کے مطابق شاہ داد ولد محمد اسماعیل کو 9 فروری 2024 کو حب چوکی سے لاپتہ کیا گیا جس کے بعد اس کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہے۔

نوجوان کی جبری گمشدگی کے باوجود اس کو مفرور قرار دینے پر لواحقین خدشے کا اظہار کررہے ہیں۔

خیال رہے بلوچستان میں گذشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے کے دوران جبری طور پر لاپتہ افراد کو جعلی مقابلوں میں قتل کرنے کے سینکڑوں واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔