کوئٹہ: شدید سردی میں گیس پریشر کمی کے خلاف خواتین کا احتجاج

93

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں گیس پریشر کی کمی کے خلاف خواتین کا بلوچستان ہائیکورٹ کے سامنے احتجاج ،خواتین نے سرینا چوک بند کر دیا اور گیس حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

نیشنل پارٹی علمدار روڈ کے زیر اہتمام گیس پریشر کمی کیخلاف بھی بلوچستان ہائی کورٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ اس شدید سردی کے موسم میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے مریض، بزرگ اور بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے پورا نظام ٹپ ہو کر رہ گیا ہے جبکہ کوئٹہ کے وی آئی پی علاقے جس میں کوئٹہ کینٹ، زرغون روڈ، گورنر ہاؤس، وزیر اعلیٰ ہاؤس گیس کے نعمت سے مستفید ہوریے ہیں جبکہ تمام شہر اور بالخصوص مری آباد کا پورا علاقہ اور ہزارہ ٹاؤن کے عوام جو گیس بلز کی مکمل ادائیگی بھی کرتی ہے اسکے باوجود بھی گیس پریشر تو کجا سرے سے گیس کا نہ ہونا ہی سوالیہ نشان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان تمام صورتحال میں فارم 47 کی حکومت تو کمیشن اور کرپشن میں دن رات ڈوبی ہوئی ہے عوام حیران اور پریشان ہے کہ ہم مطالبہ کریں تو کس سے کریں؟ ظلم بالائے ظلم تو یہ ہے محکمہ گیس کے آفیسران بھی اپنی کرپشن اور عیاشیوں میں کسی سے کم نہیں ہے۔

کوئٹہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ موسم سرد ہوتے ہی سوئی گیس پریشر میں کمی کے مسئلے نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے بعض علاقوں میں لوڈمینجمنٹ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ایسے میں سوئی گیس صارفین گیس سلنڈر خریدنے پر مجبور ہیں شہر میں اس سال بھی سردیاں شروع ہوتے ہی سوئی گیس پریشر میں کمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو مشکلات درپیش ہے گھروں میں گیس صارفین کو کھانا پکانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

وادی کوئٹہ میں ان دنوں کم سے کم درجہ حرارت دو سے تین ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ ایسے میں شہری گیس مہنگے داموں گیس سیلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ جناح روڈ سول ہسپتال کالونی شہر کے مرکزی حصہ ہونے کے باوجود بھی گیس کے پریشر کو کم کیا جاتا ہے اور بچے اسکول جاتے ہیں لیکن صبح ناشتے کا ٹائم ہوتا ہے، ناشتہ بھی مشکل سے بنایا جاتا ہے سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کو بھی اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔

سول ہسپتال کالونی کے رہائشیوں نے میڈیا کے نمائندوں سے اس بارے میں رابطہ کیا اور بتایا کہ سخت سردیوں کی وجہ سے بچے بھوڑے بیمار ہو جاتے ہیں۔