کراچی و کیچ: جبری گمشدگی کے شکار 9 افراد بازیاب

109

بلوچستان اور کراچی میں جبری گمشدگی کا شکار ہونے والے 9 افراد بازیاب ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دو روز قبل کراچی سے جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والے چار بلوچ طالب علم دودا الہی، گمشاد مرید، معراج بلوچ، مزمل بلوچ اور اسماعیل و ابراہیم دو روز بعد بازیاب ہو گئے ہیں۔

ان کی بازیابی کی تصدیق ان کے خاندانی ذرائع نے کی ہے۔

مذکورہ طلبہ 8 دسمبر کو کراچی کے ایک فلیٹ سے حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کیے گئے تھے۔ ان کی جبری گمشدگی کی تصدیق بلوچ یکجہتی کمیٹی سمیت طلبہ کے اہلخانہ نے کی تھی۔

اس کے علاوہ، گذشتہ جمعے کی شب بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والے چار افراد میں سے تین کو رہا کر دیا گیا ہے۔

کیچ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جبری لاپتہ عبدالسلام، یاسر اور سالم بازیاب ہو گئے ہیں، تاہم حاجی حاصل کی بازیابی ابھی تک نہیں ہو سکی۔

دریں اثناء بلیدہ سے جبری لاپتہ ازیر امید اور عبدالرحمان قدیر گذشتہ روز بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ گئے،نوجوانوں کو گذشتہ مہینے کی 18 تاریخ کو پاکستانی فورسز نے پٹانی زامران اُمید کے گھر سے اُٹھایا تھا۔