مستونگ کے بعد کوئٹہ میں گیس کی عدم فراہمی کے خلاف شدید احتجاج

140

مستونگ کے بعد کوئٹہ میں بھی شہریوں کا گیس کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج، سخت سردی میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، اسپنی روڈ پر گیس بندش کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے سڑک بلاک کردی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیس کی عدم دستیابی سے گھریلو زندگی مفلوج ہو چکی ہے، اور کھانے پکانے سمیت روزمرہ کے کام متاثر ہو رہے ہیں۔

اس سے قبل مستونگ کے قریب بھی مکینوں نے گیس اور بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف دھرنا دیتے ہوئے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بند کردیا تھا، مظاہرین نے شکایت کی کہ وہ وقت پر بلوں کی ادائیگی اور مہنگے نرخوں کے باوجود بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آئے روز پانی، بجلی اور گیس جیسی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت ان کے مسائل کو نظر انداز کر رہی ہے اور بلوچستان کے عوام کو پتھر کے زمانے جیسی زندگی گزارنے پر مجبور کردیا گیا ہے۔

شہریوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت، تعلیم اور دیگر ضروریات زندگی کی عدم فراہمی بھی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، جس پر توجہ نہ دی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔