جبری گمشدگی کا شکار ہونے والے صحافی زبیر بلوچ بازیاب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب بلوچستان کے صنعتی شہر حب چوکی سے جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والے صحافی اور طالبعلم زبیر بلوچ بازیاب ہوگئے ہیں۔
زبیر بلوچ کی بازیابی کی تصدیق ان کے لواحقین نے کردی ہے۔
واضح رہے کہ زبیر بلوچ کو گذشتہ شب حب چوکی میں دارو ہوٹل کے قریب ان کے گھر سے پاکستانی فورسز نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا، جس کے بعد وہ لاپتہ تھے۔
صحافی کی بازیابی کے لیے ان کے لواحقین اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے حب چوکی میں احتجاج کیا گیا جبکہ کیچ میں سی پیک شاہراہ پر بھی دھرنا دیا گیا۔
حب چوکی میں احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے تشدد اور لاٹھی چارج کا واقعہ بھی پیش آیا، اور احتجاج کے مقام سے ایک نوجوان، جمال بلوچ، کو پولیس نے حراست میں لے لیا، جو تاحال بازیاب نہیں ہوسکا ہے۔
بی وائی سی نے کہا ہے کہ حب کے مرکزی شاہراہ پر دھرنا جمال بلوچ کی بحفاظت بازیابی تک جاری رہے گا۔