تمپ: فورسز کیمپ پر حملہ، شدید فائرنگ و دھماکوں کی آواز سنی گئی

283

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ میر آباد میں آج رات کے وقت بڑی تعداد میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے ایک کیمپ پر حملہ کیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق شدید فائرنگ اور متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

حملے میں پاکستانی فورسز کو جانی و مالی نقصانات اٹھانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ ضلع کیچ میں پاکستانی فورسز پر آج ہونے والا یے تیسرا حملہ اس قبل صبح، ضلع کیچ کے ہی علاقے دشت کے جت بازار میں پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جہاں موٹر سائیکل پر سوار دو اہلکار دھماکے کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔

واقعے کے فوراً بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی۔

مزید برآں، کیچ زامران ہارکور کے علاقے میں بھی پاکستانی فورسز کے ایک کیمپ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا جہاں حملہ آوروں نے فورسز کیمپ کو جدید ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا۔

حملے کے نتیجے میں بھاری نقصان کی اطلاعات ہیں، تاہم حکام کی جانب سے تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ علاقوں میں بلوچ مسلح تنظیمیں متحرک ہیں اور وقفے وقفے سے پاکستانی فورسز کو نشانہ بناتی رہتی ہیں۔ تاہم، آج ہونے والے ان حملوں کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔