بلوچستان مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 5 افراد ہلاک

64
File Photo

اتوار کے روز بلوچستان کے مخلتف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے ۔

تفصیلات کے مطابق ضلع خضدار کے تحصیل وڈھ کے علاقے سے لیویز نے ایک شخص کی نعش برآمدکرلی۔

لیویز کے مطابق اتوار کو وڈھ کے علاقے سے ایک شخص کی گولی لگی لاش قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچا دی ، جس کی شناخت مجیب الرحمان کے نام سے ہوئی ہے جو 5 روز قبل لاپتہ ہوگیا تھا۔

لیویز نے نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی اور مزید کارروائی شروع کردی۔

جبکہ سنجاوی نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقع سنجاوی کے علاقے یونین کونسل غبرگ میں پیش آیا۔ نامعلوم مسلح افراد کے فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کا تعلق سنجاوی سے ہے۔

مسلح افراد موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تحصیل ہیڈ کوارٹر سے لیویز کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی طرف روانہ کی گئی ، جاں بحق افراد کی شناخت (عجب خان ولد پالے)(سلیم ولد عبد الرحمن) قوم زخپیل سکنہ غبرگ سے ہوئی ہیں ، لاشوں کو سول ہسپتال لورالائی منتقل کردیا گیا۔

دریں اثنا بلوچستان کے علاقے پشین کلی علیزئی میں دو گروپوں کے درمیان خونی تصادم ہوا، جس کے دوران فائرنگ سے دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کے بعد مقتولین کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ۔