بلوچستان فائرنگ و روڈ حادثات میں 4 افراد جانبحق، تین زخمی

1
File Photo

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر چار افراد جانبحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بولان کے علاقے بی بی نانی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے افضل نامی شخص کو قتل اور منظور کو زخمی کر دیا اور حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے، اطلاع ملنے پر مقامی انتظامیہ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر نعش اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا۔

جانبحق شخص کی نعش ورثا کے حوالے کر دی گئی جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب پنجگور کے علاقے شاپاتان میں ایرانی دو ہزار پیک آپ گاڑی کی ٹکر سے 7 سالہ بچہ اویس ولد مجاہد جانبحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق بچہ روڈ کراس کر رہا تھا کہ گاڑی کی زد میں آ گیا جانبحق بچے کی لاش ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دی گئی جبکہ ڈرائیور کو گرفتار کر کے مزید کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

ادھر خضدار کے علاقے کرخ میں ایم 8 روڈ پر کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں شفیع محمد نامی شخص جانبحق اور محمد اکبر زخمی ہوگیا۔

لیویز فورس نے لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

دریں اثناء بلوچستان کے ضلع چمن کے علاقے مردہ کاریز میں مٹی کا تودہ گرنے سے نعمت اللہ نامی شخص جاں بحق جبکہ اس کا بھائی عصمت اللہ زخمی ہو گیا۔

یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ پہاڑی علاقے میں مٹی ٹریکٹر پر لوڈ کر رہے تھے زخمی عصمت اللہ کو سول اسپتال چمن منتقل کر کے علاج شروع کر دیا گیا، جبکہ نعش قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔