بلوچستان: تین افراد جبری لاپتہ ، دو بازیاب

215

بلوچستان کے ضلع خاران سے اطلاع ہے کہ پاکستانی فورسز نے گھروں پر چھاپہ مار کر معتدد افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا۔

پاکستانی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ دو افراد کی شناخت رحیم الدین ولد حاجی خدا نظر سیاہ پاد اور حافظ محی الدین سیاہ پاد کے ناموں سے ہوئی ہیں جبکہ دیگر افراد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

دریں اثنا 18 اکتوبر کو پاکستانی فورسز نے کیچ کے علاقے ہوت آباد میں ایک گھر پر دھاوا بول کر وہاں موجود افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ایک نوجوان کو حراست میں لے لیا۔

حراست میں لیے گئے نوجوان کی شناخت بالاچ ولد حاصل بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔ انہیں گرفتاری کے بعد سے منظر عام پر نہیں لایا گیا ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کیچ نے نوجوان کی پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب رواں سال 10 نومبر کو دشت کھڈان میں پاکستانی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کیا تھا۔ ان میں سے ایک شخص طلال ولد عمر آج صبح بازیاب ہو گیا ہے۔

اسی طرح ایک اور نوجوان نیاز ولد دلمراد، جنہیں دو ماہ قبل 16 اکتوبر کو نیول کالونی سے مسلح افراد نے اٹھا کر لاپتہ کیا تھا، گزشتہ رات 18 دسمبر کو بازیاب ہو گئے ہیں۔