انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ایک مہم چلائی جائے گی – بلوچ وائس فار جسٹس

32

بلوچ وائس فار جسٹس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 10 دسمبر، انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ایک مہم چلائی جائے گی، جس کا مقصد بلوچ عوام کے ساتھ ہونے والی سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچ قوم طویل عرصے سے ریاستی جبر کا شکار ہے اور انہیں درج ذیل مظالم کا سامنا ہے:

جبری گمشدگیاں اور غیر معینہ مدت تک حراست،
جعلی مقابلوں میں ماورائے عدالت قتل،
منظم ظلم و ستم اور نسل کشی،
تعلیم اور روزگار کے بنیادی حقوق کی محرومی،
سرحدی تجارت، ماہی گیری اور دیگر روزگار کے وسائل پر پابندیاں۔

بیان کے مطابق بلوچ عوام کو زندگی، اظہار رائے، اور اجتماع جیسے بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔

بلوچ وائس فار جسٹس نے تمام انسانی حقوق کے کارکنوں، طلبہ، وکلا، صحافیوں، اور سماج کے تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچ عوام کی حمایت میں آواز بلند کریں اور انصاف، جوابدہی، اور انسانی وقار کے لیے جاری جدوجہد کا حصہ بنیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم سب کو متحد ہو کر مظلوم بلوچ عوام کے درد اور ان کی جدوجہد کو دنیا تک پہنچانا ہوگا تاکہ عالمی برادری ان مظالم کا نوٹس لے اور انصاف کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔