امن، انصاف ، برابری اور رواداری میں ہی انسانیت کی بقاء ہے ۔ ماما قدیر بلوچ

52

کوئٹہ پریس کلب کے سامنے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کا جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاجی کیمپ آج 5683 ویں روز جاری رہا۔

اس موقع پر ماما قدیر بلوچ نے کہاکہ وی بی ایم پی بلوچ جبری لاپتہ افراد کی بازیابی اور متاثرین کے لیے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کرتی ہے۔

نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری چنگیز بلوچ ، صوبائی انفارمیشن سیکریٹری عبیداللہ لاشاری نے کیمپ آکر لواحقین اظہار یکجہتی کیا۔

انھوں نے اس موقع پر جبری لاپتہ افراد سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ جبری گمشدگی کا مسئلہ کسی ایک فرد ، سیاسی جماعت اور تنظیم کا نہیں بلکہ انسانی مسئلہ ہے اس پر تمام سیاسی قوتوں کو ہم آواز ہونا ہوگا۔

ماما قدیر نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ جبری گمشدگی اور لوگوں کو اغواء کرنے لیے پاکستانی فورسز ڈیتھ اسکواڈز بھی استعمال کر رہی ہے۔ انھیں مکمل چھوٹ حاصل ہے جو جبری گمشدگیوں میں بالواسطہ ملوث ہیں۔ ان جرائم پیشہ افراد نے خوف کا ماحول پیدا کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سیاسی جدوجہد طاقت کے زور پر نہیں دبائے جاسکتے ریاست کو سیاسی ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے نہتے افراد پر طاقت آزمائی سے گریز کرنا چاہیے۔دنیا میں امن، انصاف، برابری اور رواداری کے اصولوں کو اپنانے میں ہی انسانیت کی بقاء مضمر ہے اور ان اصولوں کو پاؤں تلے روند کر امن اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنا نا ممکن ہے۔